کراچی: مین ہول میں گرنیوالے 3سالہ بچے کی لاش 14 گھنٹے بعد مل گئی

ابراہیم والدین کی اکلوتی اولاد تھا
کراچی: گلشن اقبال میں نیپا چورنگی پر مین ہول میں گرنے والے بچے کی لاش تلاش کرلی گئی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق بچے کی لاش 14 گھنٹے بعد نالے سے ملی ہے جسے جائے وقوعہ سے ایک کلو میٹر دور نالے سے تلاش کیا گیا ہے۔
کھلے مین ہول میں گرنے والے بچے کی شناخت 3 سال کے ابراہیم ولد نبیل کےنام سے ہوئی، ابراہیم فیملی کے ہمراہ ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں شاپنگ کرنے آیا تھا۔
واقعہ اتوار کی رات 11 بجے کے قریب پیش آیا تھا جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے بچے کی تلاش شروع کی تاہم وہ ناکام رہے۔ بعد ازاں ریسکیو آپریشن کو عارضی طور پر روک دیاگیا، ریسکیو آپریشن رکنے کے بعد لوگوں نے اپنی مدد آپ کےتحت ہیوی مشینری منگوائی اور جائے وقوعہ پر کھدائی کی گئی۔
دوسری جانب مشتعل افراد نے احتجاج کیا اور سڑکوں پر ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کردی ۔ علاقہ مکینوں کے احتجاج کے باعث اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جب کہ یونیورسٹی روڈ نیپا سے حسن اسکوائر آنے اور جانے والا ٹریک ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا تھا۔ دفاتر جانے والے شہریوں کو زبردستی روکنے کی کوششیں کی گئی۔
بچے کے دادا نے لاش ملنے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ میرا بیٹا اور بہو رات ساڑھے 10 بجے کے قریب شاپنگ کیلئے آئے تھے، بیٹا پارکنگ ایریا میں بائیک کھڑی کرنے گیا تھا، بچہ والدہ کے ساتھ تھا والد کے پیچھے بھاگا، اسی دوران گٹر کا ڈھکن کھلاتھا بچہ اس گٹر میں گرگیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ بچہ میرے بیٹے کی اکلوتی اولاد ہے، بیٹا پرائیوٹ ملازم ہے، اتنی تکلیف میں ہوں کہ منہ سے الفاظ ادا نہیں ہورہے، متعلقہ اداروں کی جانب سے 3 ساڑھے 3 گھنٹے گزرجانے کے باوجود کسی کو مدد کیلئے نہیں بھیجا گیا لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مدد کی۔
14 گھنٹے بعد بچے کی لاش جائے وقوعہ سے ایک کلو میٹر دور نالے سے نکال لی گئی۔
