پنجاب میں شدید دھند، حدِ نگاہ کم ہونے پر مختلف موٹرویز بند

لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہو گئی، جس کے نتیجے میں موٹروے پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت متعدد موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو کو ٹھوکر نیاز بیگ سے للہ انٹرچینج تک جبکہ موٹروے ایم تھری کو فیض پور سے سمندری تک بند کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم فور شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں، موٹروے ایم فائیو شیر شاہ سے ظاہر پیر تک بند ہے، جبکہ ظاہر پیر سے روہڑی تک موٹروے ایم فائیو پر بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ موٹروے ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔ شدید دھند کے باعث قومی شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو رفتار کم رکھیں اور حفاظتی فاصلہ برقرار رکھیں۔
