ملالہ کا غزہ اور سوڈان میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے 3لاکھ ڈالرز امداد کا اعلان

نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے دنیا کے جنگ سے متاثرہ علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے ہنگامی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔
ملالہ کی جانب سے غزہ، سوڈان اور کانگو میں تعلیم سے محروم لڑکیوں کے لیے مجموعی طور پر 3 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق اس امدادی رقم میں سے ایک ایک لاکھ ڈالر غزہ، سوڈان اور جمہوریہ کانگو کے لیے مختص کیے گئے ہیں تاکہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیمی ضروریات کو سہارا دیا جا سکے۔
ملالہ یوسفزئی نے جنگ اور عدم استحکام کا سامنا کرنے والی لڑکیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں بھی تعلیم کا حق محفوظ رہنا چاہیے۔
انہوں نے حکومتوں پر زور دیا کہ وہ لڑکیوں کی تعلیم کے تحفظ کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں، جبکہ بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ جنگی جرائم کے مرتکب عناصر کو عالمی قوانین کا پابند بنایا جائے۔
اس کے ساتھ ساتھ ملالہ نے دنیا بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی حمایت کریں تاکہ بحران زدہ علاقوں میں تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔
