نیشنل
آئی ایم ایف نے بجلی سبسڈی میں 143 ارب روپے کٹوتی کر دی
EditorStaff Reporter
Dec 14, 2025 · 12:09 PM

سرکلر ڈیٹ کا سالانہ ہدف 400 ارب مقرر
اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے پاکستان میں بجلی کی سبسڈی میں 143 ارب روپے کی نمایاں کمی کرتے ہوئے سرکلر ڈیٹ کے سالانہ ہدف 400 ارب روپے مقرر کر دیا ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ مذکورہ ہدف کے حصول کے لیے محض ٹیکس دہندگان کے پیسوں پر انحصار کے بجائے بجلی کے شعبے میں کارکردگی بہتر بنانا ناگزیر ہوگا۔
آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے لیے بجلی کی سبسڈی کو 1.04 ٹریلین روپے سے کم کر کے 893 ارب روپے تک محدود کر دیا گیا ہے، جو مجموعی قومی پیداوار کا تقریباً 0.7 فیصد بنتا ہے، سبسڈی میں یہ کمی سرکلر ڈیٹ کے بڑھتے ہوئے بہاؤ کو محدود کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
دوسری جانب کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آئی ایم ایف بورڈ اجلاس کے اگلے ہی روز رواں مالی سال کے لیے سرکلر ڈیٹ کے بہاؤ کا ہدف 522 ارب روپے منظور کر لیا، جو آئی ایم ایف کے مقرر کردہ ہدف سے خاصا زیادہ ہے۔ یہی وہ اجلاس تھا جس کے بعد آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی قرض قسط کی منظوری دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے دوسرے جائزے کے دوران پاور ڈویژن نے سبسڈی میں کمی اور سرکلر ڈیٹ کے کم ہدف سے متعلق تجاویز پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
آئی ایم ایف کا مؤقف ہے کہ 400 ارب روپے کا ہدف بہتر کارکردگی، بلوں کی وصولیوں میں بہتری اور لائن لاسز میں کمی کی بنیاد پر طے کیا گیا ہے، جبکہ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ اور ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے بروقت نفاذ سے دباؤ کو قابو میں رکھا جائے گا۔
دوسری جانب ای سی سی نے رواں مالی سال کے لیے نیا سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان منظور کیا ہے، جس کے تحت 522 ارب روپے کے بہاؤ کی اجازت دی گئی ہے، جسے بجٹ سے فراہم کی جانے والی مالی معاونت کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔
پاور ڈویژن کے ترجمان نے دونوں اہداف میں تضاد کے سوال پر کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور پاور ڈویژن کے درمیان کسی قسم کا اختلاف نہیں۔ ان کے مطابق 522 ارب روپے میں سے 400 ارب روپے بجٹ سے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ باقی 122 ارب روپے سرکلر ڈیٹ ری فنانسنگ اسکیم کے تحت ڈیٹ سروسنگ سرچارج کے ذریعے اصل زر کی ادائیگی میں استعمال ہوں گے، جس سے مجموعی سرکلر ڈیٹ میں اضافہ نہیں ہوگا۔
تآئی ایم ایف کی اسٹاف رپورٹ میں 522 ارب روپے کے ہدف کو تاہم تسلیم نہیں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اگرچہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ اور وصولیوں میں بہتری آئی ہے، اس کے باوجود یہ رقم سرکلر ڈیٹ کے بہاؤ میں شامل رہے گی، جسے بعد ازاں بجٹ کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔
ریمارک نیوز کی اپ ڈیٹس واٹس ایپ پر حاصل کریںچینل فالو کرنے کے لیے کلک کریں
ADVERTISEMENT
