برطانیہ کا یورپ کے مختلف ممالک سے بذریعہ ٹرین رابطہ منقطع، مگر کیوں؟

لندن: یورپ کی معروف ٹرین سروس یوروسٹار نے چینل ٹنل میں بجلی کی فراہمی میں خرابی کے باعث اپنی تمام ٹرین سروسز عارضی طور پر بند کر دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق منگل کے روز لندن کو پیرس، ایمسٹرڈیم اور برسلز سے ملانے والی تمام ٹرینیں معطل کر دی گئیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ خلل کرسمس اور نئے سال کے درمیان انتہائی مصروف سفری دنوں میں پیش آیا، جس کے باعث ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یوروسٹار کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چینل ٹنل میں بجلی کی فراہمی میں تکنیکی مسئلہ پیدا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شٹل ٹرین ٹنل کے اندر جا کر رک گئی۔ اس صورتحال کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت لندن آنے اور جانے والی تمام ٹرینیں اگلے نوٹس تک معطل کر دی گئیں۔
یوروسٹار انتظامیہ نے اپنی ویب سائٹ کے ذریعے مسافروں کو صورتحال سے آگاہ کیا اور انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے سفری منصوبے مؤخر کر دیں یا متبادل تاریخ کا انتخاب کریں، جب تک سروس بحال نہیں ہو جاتی۔
