سعودی عرب میں حرمین شریفین میں فوٹوگرافی اور ویڈیو ریکارڈنگ پر مکمل پابندی عائد

اور کیا پبندیاں عائد کی گئی ہیں؟؟؟
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ حج سیزن سے مکہ مکرمہ کے مسجد الحرام اور مدینہ منورہ کے مسجد النبی میں ہرقسم کی فوٹوگرافی اور ویڈیو ریکارڈنگ پر مکمل پابندی ہوگی۔اس فیصلے کے تحت موبائل فونز،پروفیشنل کیمرے اور دیگر ریکارڈنگ ڈیوائسزکے ذریعے تصاویر یا ویڈیوز لینا ممنوع ہوگا۔
وزارت کے مطابق یہ اقدام زائرین کے رویوں اوررش کے دوران پیدا ہونے والی مشکلات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔فوٹوگرافی کے باعث نماز میں تاخیر، عبادتی مقامات پر ہجوم اور ذاتی جگہ کی خلاف ورزی جیسے مسائل سامنے آتے ہیں۔
قبل ازیں صرف ہدایات دی جاتی تھیں کہ سلفیز یا دوسروں کی اجازت کے بغیر تصاویرنہ لی جائیں۔
یہ ضابطہ دیگر مقدس مقامات پر بھی لاگو ہوگا جو حج کے روٹ سے منسلک ہیں۔وزارت نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ مقامی انتظامیہ اور بین الاقوامی وفود کی بڑھتی ہوئی تشویش کے بعد کیا گیا ہے تاکہ زائرین کے لیے محفوظ اور منظم ماحول فراہم کیا جا سکے۔
