امریکا میں ایک جہاز ہائی وے پر چلتی گاڑی کے اوپر گر پڑا، ویڈیو وائرل

حادثے کی اصل وجہ سامنے آگئی
امریکی ریاست فلوریڈا کے ہائی وے پر ایک چھوٹا طیارہ انجن میں خرابی کی وجہ سے چلتی کار پر جاگرا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔
خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جسے دیکھ کر لوگ حیران بھی ہیں اور شکر گزار بھی کہ ایک بڑے سانحے سے بچا لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بیچ کرافٹ 55 نامی ہوائی جہاز میں ایک پائلٹ اور ایک مسافر سوار تھے۔ انجن میں خرابی کے بعد طیارے نے ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ کی اور ایک چلتی کار سے ٹکرا گیا۔
تاہم حیرت انگیز طور پر طیارے میں موجود دونوں افراد بالکل محفوظ رہے۔ جبکہ حادثے کے نتیجے میں کار میں موجود 57 سالہ خاتون کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز ایک مصروف سڑک پر تیزی سے نیچے آتا ہے، گاڑی سے ٹکراتا ہے اور پھر ہائی وے پر رک جاتا ہے۔ اس دوران چنگاریاں اور ملبہ فضا میں اڑتے ہیں، لیکن نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ سب لوگ محفوظ رہتے ہیں۔
فلوریڈا حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ انجن کی خرابی کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پائلٹ کی بروقت مہارت اور ہنگامی لینڈنگ نے ایک بڑے حادثے کو ٹال دیا۔
