نیشنل
لاہور: ڈی ایس پی عثمان حیدر ہی اپنی بیوی اور بیٹی کا قاتل نکلا، پولیس نے دھر لیا
EditorStaff Reporter
Dec 14, 2025 · 1:29 PM

بیوی اور بیٹی کو کیوں قتل کیا؟ چونکا دینے والا انکشاف
لاہور میں ایک افسوسناک واقعے کا ڈراپ سین سامنے آیا ہے، جہاں پولیس نے انکشاف کیا کہ ڈی ایس پی عثمان حیدر ہی اپنی بیوی اور بیٹی کے قتل میں ملوث ہیں۔ پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا ہے اور ملزم نے اعترافِ جرم بھی کر لیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق عثمان حیدر نے اپنی بیوی اور بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ اس سے قبل انہوں نے دونوں کے اغوا کی ایف آئی آر تھانہ برکی میں درج کرائی تھی، لیکن تفتیش کے دوران حقائق سامنے آنے پر معاملہ کھل گیا۔ پولیس نے بیٹی کی لاش کاہنہ اور بیوی کی لاش شیخوپورہ سے برآمد کی۔
ذرائع کے مطابق دونوں میاں بیوی کے درمیان طویل عرصے سے گھریلو ناچاقی چل رہی تھی۔ عثمان حیدر نے دو شادیاں کر رکھی تھیں، اور مقتولہ ان کی پہلی بیوی تھیں۔ دوسری شادی کے بعد جھگڑے شدت اختیار کر گئے تھے، جس کے نتیجے میں یہ سانحہ پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور مزید حقائق سامنے آئیں گے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عثمان حیدر نے مقتولہ سے محبت کی شادی کی تھی، لیکن وقت کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو گئے۔
یہ واقعہ نہ صرف پولیس فورس بلکہ معاشرے کے لیے بھی ایک بڑا صدمہ ہے، جہاں ایک افسر نے ذاتی تنازعے کے باعث اپنی ہی فیملی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ریمارک نیوز کی اپ ڈیٹس واٹس ایپ پر حاصل کریںچینل فالو کرنے کے لیے کلک کریں
ADVERTISEMENT
