چین نے 100 سے زیادہ جوہری میزائل سائلوز میں رکھ دیئے: پینٹاگون کا دعویٰ

سائلوز کیا ہیں؟
واشنگٹن: پینٹاگون نے دعویٰ کیا ہے کہ چین نے شمالی چین میں منگولیا کی سرحد کے قریب اپنے نئے سائلوز میں 100 سے زیادہ انٹرکانٹینٹل بیلسٹک میزائل ICBMsرکھ دیے ہیں۔
سائلوز زمین میں بنائے گئے مضبوط اور محفوظ خانے ہیں جہاں میزائلز کو رکھا اور محفوظ کیا جاتا ہے تاکہ دشمن حملے کی صورت میں وہ محفوظ رہیں اور فوراً استعمال کیے جا سکیں۔
یہ میزائل ٹھوس ایندھن والے DF‑31 کلاس کے ہیں اور چین کی جوہری طاقت میں اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔
پینٹاگون کی رپورٹ کے مطابق چین نے ابھی تک عالمی جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول مذاکرات میں حصہ نہیں لیا اور اس کی دفاعی پالیسی میں ’ no-first-use‘ کا اصول برقرار ہے۔
پینٹاگون کا خیال ہے کہ چین اپنے جوہری ہتھیاروں کی تعداد بڑھا کر 2030 تک 1,000 ہتھیاروں تک پہنچا سکتا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چین اپنی فوج کی تیاری اور جدیدیت پر کام کر رہا ہے، جس میں ممکنہ طور پر تائیوان کے خلاف فوجی آپریشن کی تیاری بھی شامل ہو سکتی ہے۔
