سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش کے بعد دھند کا راج، ٹریفک کی روانی متاثر

معمولاتِ زندگی بھی متاثر
پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد شدید دھند چھا گئی، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔ دھند کی شدت کے سبب موٹر ویز اور ہائی ویز پر گاڑیوں کی آمدورفت خطرناک ہو گئی، حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے پر حفاظتی اقدام کے طور پر ٹریفک معطل کر دی گئی۔
موٹر وے پولیس کے مطابق ایم ون پشاور ٹول پلازہ سے برہان تک، ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے بالکسر تک، ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک، ایم فور شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں تک اور ایم فائیو روہڑی سے شیر شاہ تک بند ہے، جبکہ ایم الیون پر بھی ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب فضائی آلودگی کے حوالے سے لاہور میں آج ایئر کوالٹی قدرے بہتر ریکارڈ کی گئی، تاہم فیصل آباد اور شیخوپورہ میں فضا انتہائی مضرِ صحت قرار دی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
