سندھ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

کراچی میں پارہ 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا
سندھ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔
کراچی میں موسمِ سرما کی پہلی بارش کا آغاز ہوا۔ رات گئے آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، سلطان آباد، ضیاء الدین احمد روڈ اور سول لائنز سمیت کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔
شاہراہِ فیصل، طارق روڈ، صدر، سولجر بازار اور جمشید روڈ کے اطراف بھی بادل برسے، جبکہ سائٹ ایریا، میٹروول اور اورنگی ٹاؤن میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔
شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مزید بارش کا امکان نہیں۔
حیدرآباد اور جامشورو میں موسلادھار بارش ہوئی، جبکہ دادو، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کے باعث 40 سے زائد فیڈرز بند ہو گئے اور سمنگلی روڈ، اسپنی روڈ، بروری اور مغربی بائی پاس اندھیرے میں ڈوب گئے۔ لسبیلہ اور وندر میں بھی بارش ہوئی۔
پشاور، بنوں اور کرک میں بھی بارش ہوئی اور محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ خیبرپختونخوا میں بارش کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔ پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
چلاس اور گردونواح میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث بالائی وادیوں کی رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں۔
