خبردار! بھیک مانگنے کیلئے بیرون ممالک جانے والے پاکستانی اب سیدھا جیل جائیں گے: حکومت کا اعلان

بھکاریوں کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں ملے گی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اتوار کو روز لاہور ائیرپورٹ کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مسافر کو بلاوجہ بیرون ملک جانے سے نہیں روکا جائے گا، لیکن پیشہ ور بھکاریوں اور وہ لوگ جو پاکستان کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں، ان کے لیے جیل کا راستہ ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں اور بیرون ملک بھکاریوں کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے، ایک طرف حکام پیشہ ور بھکاریوں کی بیرون ملک روانگی روکنے کی کوششیں کر رہے ہیں، تو دوسری طرف ملک کے اندر بھی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق رواں سال کے پہلے تین ماہ میں ملک بھر کے ایئرپورٹس سے سات ہزار سے زائد افراد کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا، جن میں تقریباً تین سو پیشہ ور بھکاری بھی شامل تھے۔ ان بھکاریوں کو مختلف ممالک سے پکڑ کر واپس بھیجا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے امیگریشن کے عملے سے ملاقات کی اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے زور دیا کہ نامکمل دستاویزات یا بھکاریوں کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پاکستان کی بدنامی کرنے والوں کو جیل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
