سازشی عناصر آج بھی عمران خان کو اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں: خواجہ آصف کا دعویٰ

9مئی جنرل فیض حمید کا جوائنٹ وینچر تھا
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیض حمید بانی پی ٹی آئی پروجیکٹ کے انچارج تھے، جب وہ کور کمانڈر پشاور تھے تو انہوں نے عمران خان کی سیاست کو تقویت پہنچائی اور دھاندلی کے ذریعے فیض حمید کی نگرانی میں بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لایا گیا، پروجیکٹ بانی پی ٹی آئی کو لانے کے لیے اور بھی شخصیات کام کرتی رہیں۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 4 سال ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا، جنرل فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی اس کے ذمہ دار ہیں، عوام جانتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی نے کتنا ڈیلیور کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں پارلیمنٹ کو آئی ایس آئی کا ذیلی ادارہ بنا دیاگیا تھا، جنرل فیض حمید کا پراجیکٹ آہستہ آہستہ بے نقاب ہونا شروع ہو گیا، بانی پی ٹی آئی کے لیے 9 مئی برپا کیا گیا، جس کے پیچھے بھی فیض کا دماغ اور پلاننگ تھی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا فیض حمید کے ذریعے تمام مخالفین کو جیلوں میں ڈالا گیا، فیض حمید ملک کے ساتھ جو کھیل کھیلا وہ نہایت بھیانک کھیل کھیلتے رہے اور ہونے والی تمام سازشوں کے پیچھےفیض حمید تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ9 مئی کی تباہی بھی فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی کی تھی، فیض اور بانی پی ٹی آئی کا گٹھ جوڑ قائم رہتا تو پتا نہیں کتنا نقصان ہو جاتا، ان لوگوں نے پاکستان کے ساتھ دشمنی کی ہے ان کو انجام تک پہچانا ضروری ہے۔
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ احتساب ان کا بھی ہوگا جو بیورو کریسی سمیت دیگر اداروں میں چھپے ہوئے ہیں، فوج نے خود فیض حمید کا ٹرائل کیا، فیض حمید کو 15 ماہ کے عرصے میں مقدمہ چلا کر سزا سنائی گئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کو تباہی کا منصوبہ جنرل فیض حمید کا جوائنٹ وینچر تھا، آج بھی سازشی عناصر بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں، نو مئی کو افواج اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، اسی فوج نے آپریشن بنیان مرصوص میں عوام کا سر فخر سے بلند کیا، اگر فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی کا منصوبہ کامیاب ہو جاتا تو حالات کیا ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ مئی کے مہینے میں پاکستان کی نئی تاریخ رقم ہوئی، ہمیں اس تاریخ پر فخر ہے، اگر فیض اور بانی پی ٹی آئی کا گٹھ جوڑ قائم رہتا تو ملک کا کیا حشر ہوتا، ان کو انجام تک نہ پہنچایا گیا تو ملک کے حق میں خیر ثابت نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا فیض حمید کو سزا کے خلاف اپیل کا حق ہے، لیکن نواز شریف کو ایسی کوئی سہولت میسر نہیں تھی، شہباز شریف نے ملک کو برے حالات سے نکالا، فوج کی قیادت نے سویلین حکومت کی مدد کی ہے، دعا ہے فیض اور بانی پی ٹی آئی جیسے لوگوں کا قلع قمع ہو جائے۔
