پنجاب میں ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال، گڈز ٹرانسپورٹرز بھی شامل، صورتحال مزید سنگین

مسافر رل گئے، اشیا کی ترسیل بند
لاہور/ کراچی: نئے ٹریفک قوانین کے نفاذ اور بھاری ٹریفک جرمانوں کے خلاف ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی پنجاب بھر میں ہڑتال میں گڈز ٹرانسپورٹرز بھی شامل ہوگئے۔
لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہڑتال کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گجرات، گوجرانوالہ میں جنرل بس اسٹینڈز، لاری اڈے اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ بند ہے، احتجاج کے باعث بین الصوبائی اور بین الاضلائی ٹرانسپورٹ بھی بند ہے۔
اسکول وینز مالکان بھی ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال میں شریک ہوگئے ہیں جس کے باعث بچے اسکول نہیں پہنچ سکے۔ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث کھانے پینے کی چیزوں کی ترسیل بھی متاثر ہورہی ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن عرفان نیازی کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر بلال اکبر سے لاہور میں مذاکرات ہوئے جس میں کوئی حوصلہ افزا بات نہیں ہوسکی۔ انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کا اگلا دور آج دوپہر 2 بجے ہوگا، مذاکرات میں کسی پیشرفت تک ہڑتال جاری رہے گی۔
گرینڈ ٹرانسپورٹ الائنس پاکستان کی کال پر سندھ میں بھی گڈز ٹرانسپورٹرز کا پہیہ بھی جام ہوگیا۔ جس کے باعث پاکستان کی امپورٹ اور ایکسپورٹ کو زبردست نقصان ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے، جبکہ صنعتکاروں نے گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال پر تشویش کا اظہار کردیا۔
کراچی میں ماڑیپورسمیت مختلف ٹرک اسٹینڈ پر مال بردارگاڑیاں کھڑی کردی گئیں، جس کے باعث فیکٹریوں، گوداموں، بندرگاہوں سے لوڈنڈ نگ، ان لوڈنگ اور ملک گیرمال کی ترسیل بند ہوگئی ہے۔
صدر گرینڈ ٹرانسپورٹ الائنس پاکستان امداد نقوی اور صدرکراچی گڈز کیریئرایسوسی ایشن ملک شیرخان صدرکراچی گڈز کیریئرایسوسی ایشن کے مطابق جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے ٹرانسپورٹ کا پہیہ بند رہے گا، پنجاب کے مختلف حصوں میں گاڑیوں کو بند اور ڈرائیوروں کو پابند سلاسل کیا جا رہا ہے، پنجاب میں موٹر وہیکل آرڈیننس مجریہ 1965میں تبدیلیاں کرکے ہیوی ٹرانسپورٹ پرسختیاں کی جارہی ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈرائیوروں کو ایچ ٹی وی لائسنس فراہم کیا جائے، ملک کی تمام قومی شاہراہوں پر ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی کے موبائل یونٹ تعینات کیے جائیں جو موقع پرڈرائیور کے کوائف حاصل کرکے ڈرائیونگ لائسنس جاری کرے۔
امداد پتافی کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب ایسی گاڑیوں کی فٹنس کو نہیں مانتی جنہوں نےدیگر صوبوں سےفٹنس حاصل کی ہوئی ہے، پنجاب حکومت تمام صوبوں کی جاری کردہ فٹنس کوتسلیم کرے،، معیاری ڈیزل درآمد کیا جائے تو ہیوی گاڑیوں سے دھوئیں کی شکایت نہیں آئے گی، ڈرائیورٹرانسپورٹرز خوف و ہراس کا شکارہیں، ہمارے لئے مال بردار گاڑیوں کا پہیہ چلانا مشکل ہوگیا ہے۔
صنعتکاروں کا ہڑتال کے اثرات پر موقف
صنعتکاروں نے گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پر تشویش کا اظہار کیا ہے، کراچی چیمبر سابق صدر اور مشہور صنعتکار جاوید بلوانی کا کہنا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے صنعتکاروں کی مشکلات بڑھ جائیں گی، کراچی کے انڈسٹری زون کا مال اب کیسے بندرگارہ پہنچ سکے گا، حکومت کو گڈز ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک سال تمام قوانین پر عمل درآمد کرانا مشکل ہے، حکومت کو ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکل کے لائنسنس دینے کی پلان کرنا ہوگا، فٹنس سرٹیفیکٹ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے بھی مل بیٹھ کر بات کرنا ہوگی۔
