BLAنے کم عمر بچی کو خودکش حملے کیلئے کیسے تیار کیا؟ کراچی میں کہاں حملہ کرنا تھا: بازیاب لڑکی کے ہوشربا انکشاف

کراچی میں سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ادارے نے اسنیپ چیکنگ کے دوران بلوچستان سے کراچی لائی جانے والی ایک کم عمر لڑکی کو بازیاب کرا لیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کالعدم تنظیمیں بلوچ لڑکیوں کو خودکش بمبار بنانے کی تربیت دے رہی ہیں۔
بازیاب بچی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسے کراچی میں دہشتگردی کے لیے بھیجا گیا تھا۔ اس نے کہا کہ بی ایل اے نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس سے رابطہ کیا، ذہن سازی کی اور خودکش حملے کے لیے تیار کیا۔ تاہم پولیس کی گرفتاری کے باعث وہ دہشتگردوں سے نہیں مل سکی، اسی لیے اسے یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ شہر میں کس جگہ حملہ کرنا تھا۔ بچی نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں نے اس کے والد کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھا کر ہمدردی کا تاثر دیا اور اسے اپنے جال میں پھنسایا۔
یاد رہے کہ وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ دہشتگرد سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹا بیانیہ بنا کر نوجوانوں کو گمراہ کرتے ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر نظر رکھیں اور عوام کو بھی ایسی تنظیموں سے ہوشیار رہنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بروقت کارروائی سے بچی کو بچا لیا گیا ہے اور حکومت کی پوری کوشش ہے کہ وہ دوبارہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکے۔
