اسلام آباد میں چینی باشندوں اور جھگیوں کے باسیوں میں جھگڑا، وڈیو وائرل

حقائق کیا ہیں؟؟
اسلام آباد: سوشل میڈیا پر کچھ روز سے ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں اسلام آباد کی کچی آبادیوں میں موجود جھگیوں میں رہائش پزیر کچھ افراد اور چینی باشندوں کو آپس میں لڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعہ کب اور کیسے پیش آیا؟
یہ واقعہ 7 دسمبر کو پیش آیا، جبکہ آٹھ دسمبر کو مقدمہ درج ہونے کے بعد گولڑہ تھانے کی پولیس نے تین چینی باشندوں کو گرفتار بھی کرلیا۔ تاہم مدعی اور گرفتار ملزمان کے درمیان راضی نامہ ہونے کے بعد تینوں چینی شہریوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔
مقدمہ کے مدعی کا موقف
رپورٹ کے مطابق مدعی نے مقدمے میں کہا کہ وہ اہلخانہ کے ہمراہ گولڑہ کے علاقے چوڑ چوک کے قریب ایک کھلی جگہ پر جھگیاں تعمیر کرکے عارضی طور پر رہ رہے تھے، جہاں ان کے قبیلے کے دیگر افراد بھی رہائش پذیر ہیں۔ سات چینی باشندے آئے اور جھگیوں میں رہائش پزیر خواتین کی ویڈیو بنانا شروع کر دی۔
مدعی کے مطابق بار بار منع کرنے کے باوجود چینی باشندے بدستور ویڈیو بناتے رہے جس پر وہاں موجود قبیلے کے دیگر افراد کے ساتھ ان کا جھگڑا ہوگیا۔ چینی باشندوں نے نہ صرف ان کے خاندان کے مردوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، بلکہ خواتین کو بھی ڈنڈے مارے گئے۔
پولیس کا موقف
گولڑہ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا دو دن کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا جس کے بعد بدھ کے روز مقامی عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے۔ تاہم مقدمے کے مدعی نے عدالت میں ملزمان کے ساتھ راضی نامہ ہونے کا بیان دے دیا اور اپنا مقدمہ واپس لے لیا۔ مقدمہ واپس لینے کے بعد گرفتار چینی شہریوں کو رہا کر دیا گیا۔
