انصاف نہ ملا تو بلال ہاؤس کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھ جاؤں گا

سجاول میں صوبائی وزیر کے سامنے تشدد کا شکار شہری کا پولیس پر عدم اعتماد
کراچی: سجاول میں کھلی کچہری کے دوران صوبائی وزیر کے سامنے بزرگ شہری پر تشدد کرنے والے ملزمان پولیس کی پکڑ میں نہ آسکے۔ متاثر شہری محمد جمن نے انصاف نہ ملنے کی صورت میں 16 دسمبر سے بلاول ہائوس کے سامنے بھوک ہڑتال کا الٹی میٹم دے دیا۔
واقعہ کب پیش آیا؟
11 نومبر 2025ع کو سندھ کے ساحلی ضلع سجاول میں صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی کی کھلی کچہری کے دوران بزرگ شہری رجب میمن نے اپنی زمین پر قبضے کیخلاف شکایات لگائی، جس پر وہاں موجود نوجوان نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس واقعے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی،وڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید غصے کا اظہار کیا گیا، جبکہ پولیس کیجانب سے ملزمان کو گرفتار نہ کرنے کے خلاف ضلعہ سجاول کے مختلف علاقوں میں احتجاج بھی کیے گئے۔
متاثر بزرگ شہری کا موقف
واقعے کے بعد متاثر بزرگ شہری کا موقف بھی سامنے آیا، جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ ضلع کونسل کے چیئرمین دانش ملکانی زبردستی زمین خرید کرنا چاہتے ہیں،جس کے لیے اسے اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ محمد رجب میمن کے مطابق کھلی کچہری میں اس نے صوبائی وزیر کے سامنے شکایت لگائی تو دانش ملکانی نے موبائل فون چھین لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
صوبائی وزیر نے کیا کہا؟
کھلی کچہری میں موجود صوبائی وزیر نے بزرگ شہری پر تشدد کرنے والے نوجوان کو پہچاننے سے انکار کردیا۔ شاہینہ شیر علی نے کہا کہ کھلی کچہری میں ایک بزرگ شہری نے شکایات کیں تو پیچھے موجود نوجوان نے اس پر تشدد شروع کردیا، جس کے بعد وہاں موجود پولیس نے بزرگ شہری کو بچالیا۔واقعے سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو رپورٹ پیش کردی ہے۔
واقعے پر سندھ اسمبلی میں کیا ہوا؟
صوبائی وزیر کی کھلی کچہری میں بزرگ شہری پر تشدد کا واقعہ سندھ اسمبلی تک پہنچ گیا۔ 12 نومبر کو ہونیوالے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈر نے یہ معاملہ اٹھا دیا۔ علی خورشیدی نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر کے سامنے بزرگ شہری پر تشدد ہو رہا تھا لیکن وہاں موجود پولیس نے کچھ نہ کیا۔ اس پر وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے، ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔ صوبائی وزیر شرجیل میمن نے سندھ اسمبلی میں واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمین کے تنازع میں بڑے بڑے نقصانات ہوتے ہیں، سجاول میں بھی زمین کے تنازعے پر جھگڑا ہوا لیکن پولیس نے کنٹرول کرلیا، اس جھگڑے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بلاول ہائوس کے سامنے بھوک ہڑتال کا الٹی میٹم
ادھر بااثر افراد کے تشدد کا شکار بزرگ شہری محمد جمن نے ملزمان گرفتار نہ ہونے کی صورت میں بلاول ہاؤس کراچی کے سامنے بھوک ہڑتال کا الٹیمیٹم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس کی مدعیت میں مقدمہ درج نہیں کیا، پولیس نے اپنی مرضی سے مقدمہ درج کیا، لیکن بااثر دانش ملکانی کو ملزم نامزد نہیں کیا گیا۔ پولیس بااثر ملزم کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انصاف کے لیے وکلا کے پاس جائوں گا اور عدالت سے بھی رجوع کروں گا۔ اگر انصاف نہ ملا تو 16 دسمبرسے بلاول ہائوس کراچی کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھھ جائوں گا۔
