سندھ میں 100کلوگرام گندم کی بوری کی قیمت 8 ہزار روپے مقرر

سندھ کابینا نے سرکاری گندم کے اجرا کی پالیسی منظور کرلی
کراچی: سندھ کابینا نے سرکاری گندم کے اجرا کی پالیسی کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں سال 26-2025ء کے لیے گندم ریلیز پالیسی میں نظرِ ثانی کی منظوری دے دی گئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سرکاری گندم فوری طور پر آٹا ملوں، چکیوں اور تاجروں کو فراہم کی جائے گی، 100 کلوگرام فی بوری گندم کی اجرا قیمت 8,000 روپے مقرر، جبکہ پہلے یہ قیمت 9,500 روپے مقرر تھی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کابینہ کا فیصلہ مارکیٹ میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، بروقت اجرا سے گندم کے معیار کو برقرار رکھنے اور ذخیرہ کرنے کی جگہ خالی کرنے میں مدد ملے گی۔ عوام کے لیے آٹے کی مناسب قیمتیں یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ سندھ کابینہ نے گندم کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی۔
کابینا میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ذیلی کمیٹی ضرورت پڑنے پر اجرا قیمت میں رد و بدل کی سفارشات پیش کرے گی۔
