ٹرمپ نے 900ارب ڈالر دفاعی بجٹ بل منظور کرلیا

امریکی فوجیوں کی تنخواہوں میں اضافہ ہوگا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریباً 900 ارب ڈالر کے دفاعی پالیسی بل پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد یہ بل باضابطہ طور پر قانون کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس قانون کی منظوری سے امریکا کے دفاعی بجٹ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایسے قانون کی توثیق کی ہے جس کے تحت امریکی فوجیوں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق یہ دفاعی قانون امریکا کے ’’پیس تھرو اسٹرینتھ‘‘ (طاقت کے ذریعے امن) کے ایجنڈے کا حصہ ہے، جس میں جدید فضائی اور میزائل دفاعی نظام ’’گولڈن ڈوم‘‘ کے لیے بھی خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
امریکی قانون سازوں کا کہنا ہے کہ نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ آئندہ سال کے لیے امریکا کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کی سمت کا تعین کرتا ہے، جس کا مقصد دفاعی تیاریوں کو مضبوط بنانا، فوجی اخراجات میں اضافہ کرنا اور عالمی سطح پر سکیورٹی پالیسیوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
