امریکا نے وینزویلا کے ساحلی حدود سے دوسرا آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا

وینزویلا نے چوری اور اغوا قرار دیدیا
امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق امریکہ نے ایک آئل ٹینکر کو تحویل میں لے لیا ہے جو حال ہی میں وینزویلا سے روانہ ہوا تھا، رواں ماہ یہ دوسرا واقعہ ہے جب امریکی ساحل کے قریب کسی تیل بردار جہاز کو روکا گیا ہے۔
یہ پیش رفت امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے منگل کے روز دیے گئے بیان کے بعد سامنے آئی، جس میں انہوں نے وینزویلا آنے اور جانے والے آئل ٹینکرز کی مبینہ طور پر ’ناکہ بندی‘ کا اعلان کیا تھا۔
وینزویلا نے اس امریکی اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ’’چوری اور اغوا‘‘ قرار دیا ہے۔
وینزویلا کی حکومت کا کہنا ہے کہ امریکہ پہلے بھی اس کے قدرتی وسائل پر قبضے کی کوششوں کے الزامات کا سامنا کرتا رہا ہے۔
وینزویلا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا جائے گا اور باضابطہ شکایت درج کرائی جائے گی۔
دوسری جانب حالیہ ہفتوں میں امریکہ نے بحیرۂ کیریبین میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ کیا ہے اور وینزویلا سے منسلک مبینہ منشیات اسمگلنگ کی کشتیوں پر کارروائیاں کی ہیں، جن میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم امریکہ نے اب تک اس بات کے شواہد فراہم نہیں کیے کہ یہ جہاز منشیات کی ترسیل میں ملوث تھے، جبکہ ان فوجی کارروائیوں پر امریکی کانگریس میں بھی سوالات اور جانچ پڑتال بڑھتی جا رہی ہے۔
