افغانستان سے دہشت گردی کا نیا خطرہ سر اٹھانے لگا: وزیراعظم شہباز شریف کا دنیا کو انتباہ

اشک آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا ایک نیا خطرہ سر اٹھا رہا ہے، عالمی برادری کو افغان حکومت پر زور دینا چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پورا کرے۔
ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی 30 سالہ سالگرہ کے موقع پر منعقدہ عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قطر، ترکی، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ایران کے جنگ بندی کے لیے تعاون پر پاکستان ان کا مشکور ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنازعات کا پرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، پاکستان کی حمایت سے غزہ امن منصوبہ منظور ہوا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آٹھ عرب اسلامی ممالک کے رکن کی حیثیت سے امن مشن میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے، مشرق وسطیٰ میں دیرپا جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں کے ہمراہ یادگار کا دورہ کیا اور وہاں پھول بھی چڑھائے۔
