سعودی عرب میں برفباری نے صحراؤں کو دلکش بنا دیا، ویڈیوز وائرل

سعودی عرب کے شمالی پہاڑ برف سے ڈھک گئے، شہری اور سیاح سرمائی مناظر دیکھنے پہنچ گئے
سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں غیر معمولی برفباری نے تبوک اور تروجینا کے پہاڑوں کو سفید چادر سے ڈھانپ دیا ہے، جس سے یہ علاقے ایک خوبصورت سرمائی تفریح گاہ میں تبدیل ہو گئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی SPAکے مطابق تروجینا ہائی لینڈز میں برفباری نے پہاڑوں اور چٹانوں کے مناظر کو یکسر بدل دیا ہے۔ شہری اور سیاح اس نایاب منظر کا لطف اٹھانے کے لیے پہاڑی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں اور اپنے تجربات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں، جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
تبوک کے پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری دیکھی گئی، جہاں لوگ پکنک منا رہے ہیں، برف میں کھیل رہے ہیں اور اس غیر معمولی موسم کا مزہ لے رہے ہیں۔ بلند پہاڑوں اور سرد موسم نے سعودی عرب کے عام صحرائی ماحول کے برعکس ایک منفرد اور دلکش منظر پیش کیا ہے۔
