آسٹریلیا میں اب کم عمر بچے سوشل میڈیا استعمال نہیں کریں گے

نئے قوانین میں کیا ہے؟
آسٹریلیا نے بچوں کی آن لائن حفاظت کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا استعمال کرنے کی پابندی عائد کر دی ہے۔
پارلیمنٹ آف آسٹریلیا کی منظوری اور Online Safety Amendment (Social Media Minimum Age) Act 2024 کے تحت پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر پابندی کا قانون 27 نومبر 2024 کو منظور ہوا اور اس پر عمل درآمد 10 دسمبر 2025 سے شروع ہوگا۔
قانون کے مطابق فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک، اسنیپ چیٹ، یوٹیوب، ریڈِٹ، ایکس (ٹوئٹر)، ٹوِچ اور کِک سمیت تمام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کمپنیوں کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ 16 سال سے کم عمر کوئی بچہ ان کی سروس استعمال نہ کرے اور اس مقصد کے لیے انہیں سخت نظام بنانا پڑے گا۔
قانون توڑنے کی صورت میں سوشل میڈیا کمپنیوں پر تقریباً 50 ملین آسٹریلوی ڈالر تک جرمانہ ہو سکتا ہے، تاہم بچوں یا والدین پر کوئی جرمانہ نہیں ہوگا۔ کچھ پلیٹ فارمز جیسے یوٹیوب کڈز، واٹس ایپ اور تعلیمی ایپس کو اس پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے کیونکہ انہیں ’’سوشل میڈیا‘‘ کے بجائے مواصلاتی یا تعلیمی ٹول سمجھا جاتا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ قدم بچوں کو ذہنی دباؤ، خطرناک مواد، سائبر بُلنگ اور آن لائن جرائم سے بچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ عمر کی درست تصدیق کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوگا اور کمپنیوں کے لیے اس قانون پر مکمل عمل درآمد آسان نہیں ہوگا، مگر یہ اقدام بچوں کی آن لائن حفاظت کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔
