نوجوان کے معدے سے 7 ٹوتھ برش اور 2 لوہے کے پانے نکالے گئے

نوجوان کو مزید علاج اور نفسیاتی نگرانی میں رکھا گیا ہے
بھارتی ریاست جے پور کے ایک اسپتال میں سرجری کے دوران ایک نوجوان کے معدے سے 7 ٹوتھ برش اور 2 لوہے کے پانے نکالے گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 سالہ نوجوان کو پانچ روز سے شدید پیٹ درد کی شکایت تھی، جس کے باعث اہلِ خانہ اسے فوری طور پر اسپتال لے آئے۔ مریض کی حالت تشویشناک دیکھ کر ڈاکٹروں نے مختلف طبی معائنے اور سونوگرافی کروائی۔
رپورٹس سے معلوم ہوا کہ نوجوان کے معدے میں کئی سخت اور نوکیلی اشیا موجود ہیں۔
اسپتال کے سینئر سرجن کے مطابق یہ اشیا معدے کی اندرونی دیوار تک پہنچ چکی تھیں اور کسی بھی وقت جان لیوا پیچیدگی کا باعث بن سکتی تھیں۔ڈاکٹروں نے بغیر وقت ضائع کیے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا۔
سرجری دو گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی، جس کے دوران ڈاکٹروں نے احتیاط سے نوجوان کے معدے سے 7 ٹوتھ برش اور 2 لوہے کے پانے نکالے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نوجوان ذہنی مسائل کا شکار ہے اور وہ غیر معمولی طور پر ایسی اشیا نگل لیتا تھا جو کھانے کے قابل نہیں ہوتیں۔ سرجری کے بعد مریض کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے اور اسے مزید علاج اور نفسیاتی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
