پشاور: بھائی اور بھابی کو قتل کرنے پر ملزم کو دو مرتبہ سزائے موت

ملزم نے بھائی اور بھابھی کو کیوں قتل کیا؟
پشاور: چار سدہ کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے بھائی اور بھابھی کے قتل کے ایک مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ملزم کو دو بار سزائے موت سنا دی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اکبر علی نے مقدمے کی سماعت کی۔ مدعی مقدمہ کے وکیل سریر خان نے عدالت کو بتایا کہ ملزم آفتاب نے زبانی تکرار پر گھر کے اندر فائرنگ کی، جس سے بھائی اور بھابھی موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ بتایا جارہا ہے کہ واقعہ 14 اگست 2022 کو تھانہ پڑانگ کے حدود میں پیش آیا تھا۔
پراسیکیوشن کے مطابق پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تحقیقات مکمل کیں اور مقدمے کا ٹرائل شروع کیا۔ وکیل مدعی نے عدالت سے استدعا کی کہ چونکہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، اس لیے اسے سزا دی جائے۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو دو بار سزائے موت کے ساتھ پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔
