پاکستان کے تجارتی خسارے میں نومبر 2025میں سالانہ 33فیصد اضافہ رکارڈ

ادارہ شماریات نے رپورٹ جاری کردی
کراچی: ادارہ شماریات پاکستان نے ماہ نومبر 2025 میں تجارتی خسارے سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔ جس کے مطابق نومبر 2025 میں تجارتی خسارے میں ماہانہ 12 فیصد کمی ہوئی، جبکہ نومبر2025میں تجارتی خسارے میں سالانہ 33 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق نومبر 2025 میں تجارتی خسارہ 2 ارب 85 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا اور اکتوبر 25 میں تجارتی خسارہ 3 ارب 23 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا تھا، نومبر 2024 میں تجارتی خسارہ 2 ارب 15 کروڑ ڈالر رہا تھا۔ علاوہ ازیں نومبر 25 میں برآمدات میں ماہانہ 16 فیصد اور سالانہ 15 فیصد کمی ہوئی، تاہم نومبر 25 میں برآمدات 2 ارب 39 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہی۔
ادارہ شماریات کے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نومبر 2025 کے دوران درآمدی بل میں ماہانہ 14 فیصد کمی جبکہ سالانہ 5 فیصد اضافہ ہوا، اس حساب سے نومبر 25 میں درآمدی بل 5 ارب 25 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔ رواں مالی سال 5 ماہ میں تجارتی خسارہ 37 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا، جبکہ رواں مالی سال 5 ماہ میں تجارتی خسارہ بڑھ کر 15 ارب 46 کروڑ 90 لاکھ ڈالر پر پہنچ گیا۔ گزشتہ مالی سال 5 ماہ میں تجارتی خسارہ 11 ارب 27 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہا تھا۔
ادارہ شماریات نے فوڈ ایکسپورٹ میں 35 فیصد کمی کو برآمدات میں کمی کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چاول کی برآمدات میں بھی 46 فیصد کمی کے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
