عماد وسیم نے اہلیہ سے طلاق کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا، طلاق تک بات کیسے پہنچی؟

اہلیہ ثانیہ اشفاق نے اصل وجہ بتا دی
سابق قومی کرکٹر اور آل راؤنڈر عماد وسیم نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق ایک اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے اہلیہ سے طلاق کا کیس دائر کر دیا ہے۔

عماد وسیم نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ کئی برسوں سے اختلافات حل نہ ہو سکے اور کافی سوچ بچار کے بعد انہوں نے یہ قدم اٹھایا۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ عوام اور میڈیا سے درخواست ہے کہ ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔ عماد وسیم نے مزید کہا کہ پرانی تصاویر پر توجہ نہ دی جائے، کسی کے ساتھ جوڑنے یا بیانیہ بنانے سے گریز کیا جائے، ورنہ وہ قانونی کارروائی کرنے پر مجبور ہوں گے۔

عماد وسیم نے واضح کیا کہ وہ بچوں کی سرپرستی اور ذمہ داری نبھاتے رہیں گے۔
دوسری جانب عماد کی اہلیہ ثانیہ اشفاق نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں کہا کہ میرا گھر اجاڑا گیا، میرے بچے اپنے والد سے محروم ہوئے اور پانچ ماہ کے بچے کو اس کے والد نے اب تک نہیں تھاما۔
انہوں نے کہا کہ شادی میں کچھ مشکلات رہیں مگر تعلق پھر بھی قائم رہا، بطوربیوی اورماں رشتے کو نبھانے کی پوری کوشش کرتی رہی لیکن معاملات اس وقت تلخ ہوئے جب ایک تیسری شخصیت ہمارے درمیان آئی۔

ثانیہ اشفاق نے کہا کہ وہ خاتون میرے شوہر سے شادی کی خواہشمند تھی، بچوں کے مستقبل اور گھر کے وقار کی خاطر ذہنی اذیت اور تلخ رویہ برداشت کیا، جو مجھے خاموش رہنے کا کہہ رہے ہیں ، ان سے کہوں گی کہ انصاف ضرورہوگا، اس پورے معاملے میں ہر بات کا دستاویزی ثبوت موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو دھمکی دے رہے ہیں کہ دستاویزات پبلک نہ کروں، ان سے قانونی طور پر نمٹا جائے گا، میں بدلے کیلئے نہیں، اپنے اور بچوں کیلئے سچ بول رہی ہوں اور ہر اس خاتون کیلئے بول رہی ہوں جس کو خاموش کردیا جاتا ہے۔
