افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی امریکی ہتھیاروں سے پاکستان میں دہشتگردی کر رہی ہے: امریکی جریدے کی رپورٹ میں انکشاف

افغانستان میں موجود امریکی ہتھیاروں کی مالیت کیا؟
امریکی جریدے دی جیو پالیٹکس کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا یے کہ کالعدم دہشتگرد تنظیم ٹی ٹی پی افغانستان میں موجود امریکی ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیاں کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹی ٹی پی نے خیبر پختونخواہ میں متعدد تشدد اور دہشتگردانہ حملے کیے ہیں، جن میں پاکستانی فورسز اور شہری نشانہ بنے۔
دی جیو پالیٹکس نے مزید کہا کہ افغانستان میں موجود امریکی ہتھیاروں کی مالیت 7 ارب ڈالر سے زائد ہے، جن میں ایم 4، ایم 16 رائفلیں اور نائٹ وژن سائٹس شامل ہیں، اور یہ ہتھیار دہشتگردوں کی دسترس میں آ چکے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی ہتھیار افغانستان کی بلیک مارکیٹ میں دہشتگرد نیٹ ورکس کو فروخت کیے جا رہے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پہلے ہی یہ ثابت کر چکا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد امریکی ہتھیاروں سے حملے انجام دے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگر افغانستان میں ٹی ٹی پی کی سرپرستی جاری رہی تو دونوں ملکوں کے تعلقات کے معمول پر آنے میں مشکلات رہیں گی۔
