ڈوپلیسی اور معین علی کے بعد میکسویل نے بھی IPL چھوڑ دی

ڈوپلیسی اور معین PSLکھیلیں گے
جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی اور انگلینڈ کے معین علی کے بعد آسٹریلوی آل راؤنڈرگلین میکسویل نے انڈین پریمیئر لیگ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
گلین میکسویل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر آئی پی ایل سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ اپنی انسٹا پوسٹ میں گلین میکسویل نے لکھا کہ کئی یادگارسیزن کے بعد میں نے آئی پی ایل آکشن میں نام نہ دینے کا فیصلہ کیا، خوش نصیب ہوں کہ کئی ورلڈکلاس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل چکا ہوں۔
گلین میکسویل نے اپنی پوسٹ میں آئی پی ایل کیرئیر کے دوران ملنے والی سپورٹ پر سب کا شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جنوبی افریقی کھلاڑی فاف ڈوپلیسی اور انگلینڈ کے معین علی بھی آئی پی ایل نہ کھیلنے کا اعلان کر چکے ہیں جب کہ دونوں کرکٹرز اس بار پی ایس ایل میں حصہ لیں گے۔
معین علی نے انسٹاگرام پر پوسٹ میں کہا تھا کہ یہ نئی شروعات کا وقت ہے۔ میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے نئے دور میں شامل ہونے پر بہت زیادہ پوجوش ہوں، پی ایس ایل اپنے بہترین معیار اور ورلڈ کلاس ٹیلنٹ کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے۔
معین علی نے کہا کہ پاکستان میں کھیلنا ہمیشہ اچھا رہا ہے، یہاں اعلیٰ معیار کی کرکٹ اور شائقین کا غیرمعمولی جوش وجذبہ قابل دید ہے اور آپ چاہتے ہیں کہ اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں۔ میں ان تمام باتوں کا منتظر ہوں تاکہ بہترین یادیں میرے ساتھ رہیں، میں ایک نئے اور خاص تجربے کے لیے تیار ہوں۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی نے بھارتی لیگ آئی پی ایل کے بجائے پاکستان سپر لیگ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں فاف ڈو پلیسی نے آئی پی ایل میں شرکت نہ کرنےکا اعلان کیا اور کہا تھا کہ انہوں نے 14 سیزن کے بعد آئی پی ایل نیلامی میں اپنا نام نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ایس ایل سے متعلق فاف ڈو پلیسی کا کہنا تھا کہ اس سال میں نے ایک نیا چیلنج لینےکا فیصلہ کیا ہے، میں آنے والے پی ایس ایل سیزن میں کھیلوں گا۔ یہ میرے لیے ایک پرجوش اور نیا قدم ہے، میرے لیے کچھ نیا کرنے اور ایک کھلاڑی کے طور پر ترقی کرنےکا موقع ہے، پی ایس ایل بے پناہ صلاحیت اور توانائی سے بھرپور ہے۔
