پاکستان جلد قرضوں سے آزاد ہوکر معاشی خود کفیل بنے گا: شہباز شریف

’معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں فیلڈ مارشل کا کلیدی کردار‘
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان اپنے قرضوں سے مکمل نجات حاصل کرکے معاشی طور پر خود کفیل ہو جائے گا۔
وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کے تحت حکومتی معاشی اصلاحات اور اقدامات کے مؤثر نفاذ پر حکومت کی معاشی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان میں اصلاحات پر اطمینان ظاہر کرنا وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
شہباز شریف نے کہا، ’’اصلاحاتی ایجنڈے کے نفاذ اور معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کلیدی کردار ہے۔‘‘
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ڈیفالٹ کے دہانے سے ملک کو استحکام اور ترقی کی سمت میں گامزن کرنا ایک کٹھن مرحلہ تھا، جس میں سب نے قربانی دی۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں اور قوم کی اجتماعی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تعاون نے ناممکن کو ممکن بنا دیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کامیاب کیس اسٹڈی کے طور پر دنیا بھر میں مثال بن گئی ہے اور پاکستان کی معاشی ترقی کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہوگا۔
وزیراعظم نے عوام سے کہا کہ استحکام کے بعد ترقی کی سمت میں محنت جاری رہے گی اور وہ بطور خادم پاکستان، عوام کی خوشحالی اور ملک کی بیرونی قرضوں سے مکمل نجات تک کام جاری رکھیں گے۔
