ٹی 20ورلڈکپ کیلئے بھارت نہ جانے پر بنگلادیش کو پوائنٹس کھونا پڑیں گے؟ بنگلادیش کو ICCکی ای میل موصول

بنگلادیشی ٹیم بھارت جائیگی یا نہیں؟
بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو بھارت میں میچز نہ کھیلنے کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ای میل موصول ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ای میل بی سی بی کی اتوار کو بھیجی گئی درخواست کے جواب میں آئی ہے۔
آئی سی سی نے اپنی ای میل میں بی سی بی سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026کے حوالے سے سیکیورٹی خدشات کی وضاحت اور تفصیلات طلب کی ہیں۔ بی سی بی آج اس کا تفصیلی جواب دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نہ تو کوئی ورچوئل کال ہوئی ہے اور نہ ہی آئی سی سی نے یہ کہا ہے کہ بھارت نہ جانے کی صورت میں بنگلادیش کو پوائنٹس نہیں ملیں گے۔
یاد رہے کہ بی سی بی نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے اور میچز کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کی تجویز دی تھی۔
اس سے قبل بعض کرکٹ ویب سائٹس اور میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی سی سی نے بنگلادیش کی درخواست مسترد کر دی ہے اور ٹیم کو بھارت جا کر ہی میچ کھیلنے کا کہا ہے، بصورت دیگر پوائنٹس ضائع ہو سکتے ہیں۔
