نیشنل
پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
StaffStaff Reporter
Nov 24, 2025 · 8:31 PM

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات
اسلام آباد — وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاک سعودی عرب اقتصادی، دفاعی اور سکیورٹی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ عقیدے، یکساں اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دو ماہ کے دوران ریاض کے اپنے کامیاب دوروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نئی جہت اختیار کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کو سراہا۔
جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے سعودی قیادت کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کو تہنیتی پیغام پہنچایا اور موجودہ دفاعی و تزویراتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
