سوئٹزرلینڈ: بار میں آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 47 ہوگئی

سوئٹزرلینڈ کے ایک معروف اسکی ریزورٹ ٹاؤن میں واقع بار میں سالِ نو کی تقریب کے دوران لگنے والی ہولناک آگ نے بڑے سانحے کی شکل اختیار کر لی۔ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 47 ہو گئی ہے جبکہ 115 افراد زخمی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ نیو ایئر نائٹ پر پیش آیا، اس وقت بار میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ آگ لگتے ہی افراتفری پھیل گئی اور عمارت میں بھگدڑ مچ گئی، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سوئس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ فرانسیسی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے کے بعد فرانس کے 8 شہری تاحال لاپتہ ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ ویٹر کی مبینہ غلطی کے باعث بھڑکی، جبکہ بار میں لکڑی کا فرش ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے احاطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
سوئٹزرلینڈ کے صدر نے سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دارالحکومت برن میں پانچ روز کے لیے قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ادھر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی اس افسوسناک حادثے پر سوئس حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں سوئٹزرلینڈ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
