سی ڈی ایف کا عہدہ نہایت حساس و اہم ادارہ بننے جا رہا ہے: رانا ثنا اللہ

’عہدے کے قواعد و ضوابط کے تعین میں غیر معمولی احتیاط کی ضرورت ہے‘
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) کا عہدہ ایک نہایت حساس اور قومی سلامتی کے اعتبار سے انتہائی اہم ادارہ بننے جا رہا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سی ڈی ایف کے عہدے کے لیے قانون میں تبدیلی کی گئی ہے، جب کہ اس کے لیے ریگولیشنز اور رولز کی تیاری ابھی باقی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی ایف کے قواعد و ضوابط کے تعین میں غیر معمولی احتیاط کی ضرورت ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے واضح کیا کہ سی ڈی ایف کے نوٹیفکیشن میں تاخیر کے حوالے سے پھیلائی جانے والی قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں، اور اس معاملے کو کسی اور چیز سے جوڑنا درست نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر بیرونِ ملک سے پاکستان مخالف مواد پھیلانے والوں کی فہرست میں اضافہ کیا جا رہا ہے، اور قومی سلامتی کے خلاف بیرونِ ملک سے پروپیگنڈا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
