گرفتاری کے بعد امریکا منتقل کیے گئے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور اہلیہ پر فرد جرم عائد

کون کون سے الزامات لگائے گئے؟
امریکی ذرائع کے مطابق مادورو کو کاراکاس میں گرفتاری کے بعد نیویارک کے اسٹیورٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لایا گیا، جہاں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات دیکھنے میں آئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جس طیارے کے ذریعے مادورو کو نیویارک پہنچایا گیا وہ امریکی محکمۂ انصاف کی ملکیت تھا۔ طیارے کی لینڈنگ کے وقت ایف بی آئی اور ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) کے اہلکار موقع پر موجود تھے، جو اس آپریشن کی انتہائی حساس نوعیت کی نشاندہی کرتا ہے۔
امریکی اٹارنی جنرل پامیلا بوندی نے اعلان کیا ہے کہ نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کے خلاف نیویارک کے سدرن ڈسٹرکٹ میں وفاقی عدالت میں باقاعدہ فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے، ان کے مطابق مادورو پر منشیات کی دہشت گردی کی سازش، کوکین امریکا اسمگل کرنے کی منصوبہ بندی، بھاری اسلحہ اور تباہ کن آلات رکھنے اور امریکا کے خلاف ہتھیار استعمال کرنے کی سازش جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔
پامیلا بوندی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ نکولس مادورو کو اب امریکی سرزمین پر امریکی عدالتوں میں مکمل قانونی کارروائی اور انصاف کا سامنا کرنا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیویارک سٹی سے تقریباً 60 میل کے فاصلے پر واقع اسٹیورٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مادورو کو فوری طور پر ایک فوجی اڈے کے ذریعے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں مزید تفتیش اور عدالتی کارروائی کے لیے رکھا جائے گا۔
