انتہاپسندی پھیلانے والوں کے ویزے منسوخ کیے جائیں گے: آسٹریلوی وزیراعظم کا اعلان

سڈنی: آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے سڈنی کے بونڈائی ساحل پر حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد نفرت، انتہا پسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ واضح ہے کہ ہمیں اس لعنت کا مقابلہ کرنے کے لیے اور بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نفرت انگیز تقاریر اور انتہا پسند بیانات دینے والوں کے خلاف قوانین سخت کرے گی، اور ایسے افراد کے ویزے منسوخ کیے جائیں گے جو آسٹریلیا میں تشدد یا نفرت پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔
انتھونی البانیز کا کہنا تھا کہ حکومت انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خطرات کو کم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کر رہی ہے، اور ملک میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اتوار کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر یہودیوں کے ایک تہوار کی تقریب پر دو مسلح افراد نے فائرنگ کی تھی جس میں 15 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا ایک شخص مارا گیا اور دوسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سڈنی حملے میں ملوث بھارتی شہری ساجد اکرم اور اس کے بیٹے کا پاسپورٹ منظر عام پر آیا تھا۔
بھارتی نژاد دہشت گرد ساجد اکرم کا پاسپورٹ بھارتی سفارتخانہ نے 24 فروری 2022 کو 10 سال کے لیے جاری کیا تھا۔
