پاک ترک دوستی تاقیامت قائم رہے گی: اردوان

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کو اپنا مخلص اور قابلِ اعتماد اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک-ترک دوستی قیامت تک قائم رہے گی اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جائے گی۔
بحری پلیٹ فارمز کی سروس میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ کامیاب آزمائشوں کے بعد آج پی این ایس خیبر پاکستان کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان بحریہ کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے چار ملگیم کلاس بحری جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلا جہاز پی این ایس بابر 24 مئی 2024 کو پاکستان کے حوالے کیا جا چکا ہے، تیسرا جہاز پی این ایس بدر جون 2026 کے اختتام تک جبکہ چوتھا جہاز پی این ایس طارق 2027 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان بحریہ کے حوالے کیا جائے گا۔ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ بحری جہاز پاکستان بحریہ کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کریں گے۔
صدر اردوان نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات برادرانہ، مضبوط اور دیرپا ہیں، اور دونوں ممالک کی دوستی آئندہ بھی ترقی کرتی رہے گی۔
