ڈبل ڈیکسر بسیں ایک بار پھر کراچی کی سڑکوں پر آگئیں، کرایہ کتنا ہوگا؟

’آج بس چلی ہے، کل شہر بدلے گا‘
کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے نئی ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں حکام نے وزیروں کو بسوں کی خصوصیات اور سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عوام سے ڈبل ڈیکر بسوں کا وعدہ کیا گیا تھا اور اب یہ منصوبہ حقیقت بن گیا ہے۔ ان کے مطابق بس کا روٹ 22 کلو میٹر طویل ہوگا، کرایہ 80 سے 120 روپے رکھا گیا ہے اور ابتدائی طور پر یہ سروس ملیر سے شارع فیصل تک چلائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے کہ مستقبل میں کراچی کی زیادہ سے زیادہ سڑکوں پر ڈبل ڈیکر بسیں نظر آئیں۔ کرایوں میں سبسڈی دی جا رہی ہے اور روزانہ عوام کے لیے سہولیات بڑھائی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے سال میں سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ کی مزید سہولتیں فراہم کرنے کا ہدف ہے۔ اس وقت پیپلز بس سروس پر روزانہ تقریباً ایک لاکھ پچیس ہزار افراد سفر کر رہے ہیں، جبکہ گرین لائن بس پر 65 ہزار مسافر روزانہ سفر کرتے ہیں۔ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر بھی دوبارہ کام شروع ہو چکا ہے۔ کراچی کی سڑکوں کی بہتری کے لیے سب مل کر کام کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے عوام کو نئی ڈبل ڈیکر بس سروس کے آغاز پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی کے عوام بہتر سفری سہولیات کے حقدار ہیں، کراچی میں جدید بس سروس کا آغاز عوام کے لیے خوش آئند ہے، نئی بس سروس کراچی کے شہریوں کے سفر کو آسان بنائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ کراچی اب صرف چل نہیں رہا، آگے بڑھ رہا ہے، آج بس چلی ہے، کل شہر بدلے گا، کراچی کے لیے بہتر سفر صرف وعدہ نہیں، عملی حقیقت بن رہا ہے، شہری سہولتیں مضبوط ہوں تو شہر مضبوط بنتے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جدید ٹرانسپورٹ، شہری وقار اور آسان زندگی کی علامت ہے، کراچی کو جدید شہروں کی صف میں کھڑا کریں گے۔
