انتشار پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے: ایرانی چیف جسٹس کا حکم

ایران کے چیف جسٹس غلام حسین محسنی نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں انتشار اور بدامنی پھیلانے والوں کے ساتھ اب سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
میزان نیوز ایجنسی کے مطابق انہوں نے عدالتی کونسل کے اجلاس میں اٹارنی جنرل اور تمام صوبائی پراسیکیوٹرز کو ہدایت دی کہ شرپسند عناصر اور ان کے حامیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔
چیف جسٹس نے حالیہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں ایران میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن یہ کوششیں ناکام رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران احتجاج کرنے والے عام شہریوں اور تخریب کاروں کے درمیان فرق کو تسلیم کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو عناصر عوام اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ بنیں گے، انہیں قانون کے مطابق سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایران میں مہنگائی اور کرنسی کی شدید گراوٹ کے خلاف گزشتہ نو دنوں سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ انسانی حقوق کے ادارے ایچ آر اے این اے (HRANA) کے مطابق مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں اب تک 19 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ فائرنگ کے واقعات میں 50 سے زیادہ مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔
