ایلون مسک کی دولت میں ایک دن میں ہوشربا اضافہ، مجموعی دولت کتنی؟

ایک بار پھر سب کو پیچھے چھوڑ دیا
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک پر دولت کی دیوی مہربان ہوچکی ہے اور اس کی دولت میں ہر روز بے تحاشہ اضافے کا سلسلہ جاری ہے
امریکی عالمی مالیاتی ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک دنیا کے پہلے شخص بن گئے ہیں جن کی دولت 600 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسپیس ایکس کی قدر 800 ارب ڈالرز لگائے جانے کے بعد صرف ایک دن میں ایلون مسک کی دولت میں 167 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مسک کی مجموعی دولت 638 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے ایلون مسک اس وقت دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص لیری پیج کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور مسک لیری سے بھی 373 ارب ڈالرز زیادہ دولت کے مالک ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ برس 2024 سے اب تک ایلون مسک کی دولت میں مجموعی طور پر 205 ارب ڈالرز کا اضافہ ہو چکا ہے۔ وہ اسپیس ایکس کے 42 فیصد حصص کے مالک ہیں، جبکہ کمپنی آئندہ سال اپنے حصص عوامی فروخت کے لیے پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
اس کے علاوہ ایلون مسک کے پاس ٹیسلا کے بھی 12 فیصد حصص ہیں، جہاں رواں سال کمپنی کی قدر میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 15 دسمبر کو ٹیسلا کے حصص بڑھنے سے بھی ان کی دولت میں مزید 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق نومبر 2025 میں ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے ایلون مسک کے لیے ایک ہزار ارب ڈالرز پر مشتمل معاوضے کے پیکج کی منظوری دی تھی، جو مخصوص اہداف مکمل ہونے پر انہیں ملے گا۔
