غلط نمبرز کیوں دیئے؟ پاکستانی طالبہ نے لندن کے اسکول کیخلاف مقدمہ دائر کردیا

آخر ماجرا ہے کیا؟ طالبہ نے سب بتا دیا
برٹش پاکستانی طالبہ ریحاب شیخ نے لندن اسکول آف اکنامکس (ایل ایس ای) کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ ریحاب شیخ کے مطابق انہوں نے یہ مقدمہ یونیورسٹی کی جانب سے غلط نمبر دیے جانے کے باعث دائر کیا ہے، جس کی وجہ سے وہ کیمبرج یونیورسٹی میں ایم فل میں داخلہ حاصل نہ کر سکیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ غلطی ان کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل پر اثر انداز ہوئی۔
ریحاب شیخ نے مؤقف اختیار کیا کہ 2023 میں بائیکاٹ کی صورتحال کے باعث ان کا تحقیقی مقالہ معمول کے مطابق دو کے بجائے صرف ایک ریویور نے جانچا، جس پر انہیں 57 نمبر دیے گئے۔ بعد ازاں نظرثانی کے عمل کے بعد ان کے نمبر بڑھا کر 72 کر دیے گئے۔
طالبہ کا کہنا ہے کہ مقدمے کا مقصد نہ صرف یونیورسٹی سے اپنی غلطی تسلیم کروانا ہے بلکہ اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصان پر ہرجانہ حاصل کرنا بھی ہے۔
واضح رہے کہ ریحاب شیخ اس وقت برطانوی وزارت میں ایک اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں۔
