پی ٹی آئی مذاکرات پر کیوں سنجیدہ نہیں؟ مقصد کیا ہے؟ رانا ثنا اللہ کا سنگین الزام

’PTIکیلئے سیاسی راستے بند نہیں کیے گئے‘
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ تحریک انصاف کے لیے سیاسی راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم نے چار مرتبہ مذاکرات کی پیشکش کی، مگر پی ٹی آئی نے بات چیت کے بجائے محاذ آرائی کو ترجیح دی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کا طرزِعمل بغاوت اور سیاسی مخالفین کو ختم کرنے کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک مخصوص گروہ جان بوجھ کر افراتفری، انارکی اور بدامنی کو ہوا دینا چاہتا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اگر قانون کو ہاتھ میں لیا گیا تو ریاست بھی قانون کے مطابق اپنا کردار ادا کرے گی، اور اگر جدوجہد کا انداز بدلا گیا تو حکومت کی حکمتِ عملی بھی مختلف ہوگی۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی مذاکرات پر سنجیدہ نہیں، ان کا مقصد انتشار پھیلانا ہے۔
