انٹرنیشنل
ایتھوپیا کے آتش فشاں کی راکھ پاکستان سے بھارت منتقل
EditorStaff Reporter
Nov 25, 2025 · 12:20 PM

پاکستان کا فضائی علاقہ صاف ہوگیا
ایتھوپیا میں 12 ہزار سال سے خاموش آتش فشاں پھٹنے سے نکلنے والی راکھ پاکستان کے بعد اب بھارت کی جانب بڑھ چکی ہے، پاکستان کا فضائی علاقہ صاف ہوچکا ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود اب صاف ہوچکی ہے، آتش فشاں کی راکھ بھارتی راجستھان کی جانب جائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ آتش فشاں کی راکھ پاکستان کے شمالی علاقوں کو متاثر نہیں کرے گی، یہ راکھ سندھ کے اوپر بحیرہ عرب سے گزری تھی، سندھ کی زمین پر اس کے کوئی اثرات نہیں ہوئے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ منگل کی صبح 10 بجے گوادر کے جنوب میں 45 ہزار فٹ کی بلندی پر آتش فشاں کی راکھ دیکھی گئی تھی، آتش فشاں کی راکھ عام سیٹلائٹ پر نظر نہیں آتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آتش فشاں کی راکھ کی ایڈوائزر ایوی ایشن کو جاری کی گئی، آتش فشاں کی راکھ کی بلندی 45 ہزار فٹ سے زائد تھی۔
دوسری جانب بھارتی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آتش فشاں سے اٹُھنے والی راکھ کے اثرات دلی، گجرات اور راجستھان تک دیکھے گئے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق آتش فشاں سے اٹھنے والی راکھ کے اثرات پنجاب اور ہریانہ تک بھی دیکھے گئے، راکھ کے بادل منگل کی شام ساڑھے سات بجے تک بھارت سے نکل جائیں گے۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے کہا کہ راکھ کے بادل چین کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ایتھوپیا میں 12 ہزار سال سے خاموش آتش فشاں ہیلی گُبی پھٹ گیا تھا، دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 800 کلومیٹر دور افار ریجن میں پھٹنے والا ہیلی گُبی آتش فشاں سے نکلنے والا دھواں 46 ہزار فُٹ کی بلندی تک پہنچ گیا۔
امریکی ماہرین ارضیات کے مطابق ہیلی گُبی آتش فشاں 12 ہزارسال میں پہلی بارپھٹا ہے، ہیلی گُبی آتش فشاں پھٹنے کا اس سے پہلے کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔
ریمارک نیوز کی اپ ڈیٹس واٹس ایپ پر حاصل کریںچینل فالو کرنے کے لیے کلک کریں
ADVERTISEMENT
