سرگودھا میں محبت کی اندھی دوڑ نے گھریلو ملازمہ کو چور بنا دیا

جب تم امیر ہوگی تو شادی کروں گا
سرگودھا کے علاقے منصور آباد میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں محبت کے بہکاوے نے گھریلو ملازمہ کو چور بنا دیا۔ پولیس کے مطابق خاتون سومیا رانی اپنے ساتھی نوجوان ابوبکر سے شادی کرنا چاہتی تھی، لیکن نوجوان نے شرط رکھی کہ "جب تم امیر ہوگی تو شادی کروں گا"۔ اندھی محبت میں مبتلا خاتون نے وہی گھر لوٹ لیا جہاں وہ آٹھ سال سے ملازمہ تھی۔
اے ایس پی سٹی وقار خان اور ایس ایچ او کینٹ اسد حیات بھوانہ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ 8 دسمبر کو ہونے والی واردات کو پانچ روزہ تفتیش کے بعد ٹریس کر لیا گیا۔ زمین کے گڑھے میں چھپائے گئے 90 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات برآمد کر کے خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق زیورات اصل مالکان کے حوالے کر دیے جائیں گے جبکہ تفتیش میں یہ بھی ثابت ہوا کہ نوجوان ابوبکر کا اس واردات سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
