امریکا میں بلڈ پریشر کی مشہور دوا اچانک مارکیٹ سے واپس منگوا لی گئی

وجہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے
امریکا میں بلڈ پریشر کی عام استعمال ہونے والی دوا ’زیئک‘ (Ziac) کو فوری طور پر مارکیٹ سے واپس منگوا لیا گیا ہے۔ یہ دوا گلین مارک فارماسیوٹیکلز نامی کمپنی تیار کرتی ہے اور اس میں دو اجزاء بسوپروول فومیریٹ اور ہائیڈروکلورتھائیازائیڈ شامل ہیں۔
یہ دوا عام طور پر بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن کو قابو میں رکھنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
امریکی ادارہ ایف ڈی اے کے مطابق کمپنی نے یہ قدم اس خدشے کے باعث اٹھایا کہ دوا کے کچھ نمونوں میں غلطی سے کولیسٹرول کم کرنے والی دوا ’ایزٹیمائب‘ کے نشانات شامل ہو گئے ہیں۔ اسی وجہ سے کمپنی نے مارکیٹ سے تقریباً 11 ہزار 136 بوتلیں واپس منگوا لی ہیں۔
ماہرین نے اس ری کال کو ’کلاس تھری‘ قرار دیا ہے، یعنی ایسی صورتحال جس میں صحت کو سنگین نقصان کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ مریضوں کے لیے خطرہ زیادہ نہیں، لیکن احتیاط کے طور پر دوا کو مارکیٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔
یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکا میں ادویات کی نگرانی کا نظام سخت ہے اور معمولی خدشے پر بھی فوری کارروائی کی جاتی ہے تاکہ مریضوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
