کپل شرما پھر پھنس گئے، شو پر مقدمہ درج، آخر ماجرا ہے کیا؟

بھارت کا مقبول ترین کامیڈی شو ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ اب کسی مزاحیہ جملے کی وجہ سے نہیں بلکہ موسیقی کے استعمال کی وجہ سے قانونی تنازع میں پھنس گیا ہے۔
معروف میوزک رائٹس ادارے فونوگرافک پرفارمنس لمیٹڈ (پی پی ایل) انڈیا نے شو کے خلاف بمبئی ہائی کورٹ میں کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کیا ہے۔
پی پی ایل کے مطابق نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے شو کے تیسرے سیزن میں بالی ووڈ کے تین مشہور گانے اجازت کے بغیر استعمال کیے گئے۔ ان گانوں میں فلم منّا بھائی ایم بی بی ایس کا ’ایم بولے تو‘، فلم کانٹے کا ’راما رے‘ اور فلم دیسی بوائز کا ’صبح ہونے نہ دے‘ شامل ہیں، یہ اقساط جون تا ستمبر کے درمیان نشر ہوئیں۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ گانوں کا استعمال بھارتی کاپی رائٹ ایکٹ کے تحت ’عوامی پرفارمنس اور عوام تک ترسیل‘ کے زمرے میں آتا ہے، کیونکہ شو پہلے لائیو آڈیئنس کے سامنے ریکارڈ کیا جاتا ہے اور بعد میں آن لائن لاکھوں ناظرین تک پہنچایا جاتا ہے۔
پی پی ایل نے مزید بتایا کہ نومبر کے آغاز میں شو کے پروڈیوسرز کو نوٹس بھیجا گیا تھا، لیکن ان کا جواب تسلی بخش نہیں تھا اور موسیقی کا استعمال جاری رہا۔
ادارے نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ شو میں مذکورہ موسیقی کے مزید استعمال کو روکا جائے، ممکنہ آمدن کی تفصیلات طلب کی جائیں اور خلاف ورزی سے متعلق مواد ضبط کیا جائے۔
