نیشنل
پاکستان کے بالائی حصوں میں بارش اور شدید برف باری کا امکان
EditorStaff Reporter
Dec 14, 2025 · 12:07 PM

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ملک کے بالائی علاقوں میں 13 سے 18 دسمبر تک بارش اور برف باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے موسمی ایڈوائزری جاری کر دی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ 13 سے 15 دسمبر کے دوران شمالی اور مغربی پاکستان کے مختلف حصوں کو متاثر کرے گا، جس کے پیش نظر بالائی خیبر پختونخوا، کوہستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ پہاڑی اور بلند علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔ کوہستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر شدید برف باری ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ برف باری کے باعث پہاڑی راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور چند مقامات پر سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے۔ کوئٹہ، زیارت اور شمال مغربی بلوچستان کے علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق 16 سے 18 دسمبر کے دوران اگرچہ برف باری کی شدت میں کمی آ سکتی ہے، تاہم شدید سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ برف کے باعث سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے سے ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے جبکہ شمالی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی برف باری بھی ہو سکتی ہے۔
ریمارک نیوز کی اپ ڈیٹس واٹس ایپ پر حاصل کریںچینل فالو کرنے کے لیے کلک کریں
ADVERTISEMENT
