بھارت کا روس کے شہریوں کیلئے مفت ای ٹورسٹ ویزے کا اعلان

روس سے مزید S-400 میزائل سسٹم خریدنے میں دلچسپی ظاہر
نئی دہلی: بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے روسی شہریوں کے لیے 30 دن کا مفت ای ٹورسٹ ویزا متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان بھارت۔روس سالانہ سربراہ اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی شرکت کی۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم مودی نے بتایا کہ بہت جلد روسی شہری نہ صرف 30 روزہ مفت ای ٹورسٹ ویزا حاصل کر سکیں گے بلکہ 30 روزہ گروپ ٹورسٹ ویزا کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران دونوں ممالک کی قیادت نے دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا۔ رپورٹوں کے مطابق بھارت نے روس سے مزید S-400 میزائل سسٹم خریدنے اور اپنے روسی ساختہ SU-30 جنگی طیاروں کی اپ گریڈیشن میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
اس وقت بھارت اور روس کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 68 ارب ڈالر ہے، جبکہ نئی دہلی 2030 تک اسے بڑھا کر 100 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتا ہے۔
