مداح تجسس میں مبتلا
معروف پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر اور سابقہ گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ نے دلہن کے روپ میں اپنی کچھ نئی تصاویر کے ساتھ مبہم پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
رابی پیرزادہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز دیکھ کر صارفین نے یہ قیاس آرائیاں کرنا شروع کر دی ہیں کہ وہ ایک مختصر تقریب میں اپنے قریبی عزیز و اقارب کی موجودگی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں۔
پاکستانی شوبز کی دنیا میں اداکاری اور گلوکاری سے پہچان بنانے والی رابی پیرزادہ آج ایک مختلف اور مثبت شناخت رکھتی ہیں۔ وہ اب ایک معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر، مصورہ اور خطاط کے طور پر جانی جاتی ہیں۔
روحانی تبدیلی
ایک بڑے تنازع کے بعد رابی کی زندگی نے نیا رخ اختیار کیا۔ انہوں نے اسلامی طرزِ زندگی اپنایا اور اس فیصلے کے بعد کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ اپنی زندگی کے ہر نئے مرحلے کو وہ مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہی ہیں، جس نے انہیں مزید قریب کر دیا۔
رابی پیرزادہ نے شادی کرلی؟
رابی پیرزادہ نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر دلہن کے روپ میں اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا، ’نکاح سنت ہے، اور سنت میں برکت ہے۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’نکاح وہ پاک رشتہ ہے جو محبت کو جائز، عزت کو مضبوط اور رشتے کو ہمیشہ کے لیے مقدس بنا دیتا ہے۔اللّٰہ ہر نکاح کو سکون، محبت اور رحمت سے بھر دے، آمین۔‘

رابی پیرزادہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز دیکھ کر صارفین نے یہ قیاس آرائیاں کرنا شروع کر دی ہیں کہ وہ ایک مختصر تقریب میں اپنے قریبی عزیز و اقارب کی موجودگی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں۔

اگرچہ ان کے شریکِ حیات نے کوئی تصویر شیئر نہیں کی تاہم رابی نے اپنے والدین، بھائی اور ماموں کے ساتھ چند یادگار لمحات مداحوں کے ساتھ بانٹے۔

ملبوسات اور ماحول
تقریب کے دوران رابی نے کریم اور سرخ رنگ کے خوبصورت ملبوسات زیب تن کیے۔ ان تصاویر میں ان کی پرسکون اور باوقار شخصیت جھلک رہی تھی۔ سادگی، خاندانی محبت اور روحانی سکون ان لمحات میں نمایاں تھا۔

مداحوں کا ردِعمل
رابی نے اپنی آخری پوسٹ میں مداحوں کی جانب سے موصول ہونے والی شادی کی مبارکبادوں اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ آپ سب کی دعاؤں کا دل سے شکریہ۔ اُنہوں نے مزید لکھا کہ بس ایک احساس یہ بھی ہے کہ اگر یہی دعائیں قرآنِ پاک مکمل لکھنے پر ملتیں تو دل کو اور زیادہ سکون ملتا۔
