کراچی: سندھ کلچر ڈے ریلی کے شرکاء اور پولیس میں جھڑپ

مشتعل مظاہرین کا پولیس پر پتھراؤ
کراچی میں شارع فیصل پر ایف ٹی سی کے قریب سندھ کلچر ڈے کی ریلی کے شرکا اورپولیس کے درمیان جھڑپ ہوگئی۔
ریلی کے شرکاء شارع فیصل سے کراچی پریس کلب کی طرف جارہے تھے، پولیس نے ریلی کے شرکا کو متبادل راستے کی جانب جانے کی ہدایت کی لیکن ریلی کے شرکا نے متبادل راستے سے جانے سے انکار کردیا۔
پولیس اور ریلی کے شرکا کے درمیان جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں موقع پرموجود مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھراو کیا، متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جس کے بعد لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کیا گیا۔
پولیس کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کر دیا ہے جبکہ پتھراؤ کرنے والے دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شارع فیصل پر ایف ٹی سی پر سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے، ٹریفک کو کالا پل سے صدر کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔
